سری نگر// اپنی پارٹی نے جمعے کے روز جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں انسداد تجاوزات مہم کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور الزام لگایا کہ محکمہ مال کے اہلکار غریبوں کو تنگ کررہے ہیں۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بلڈزور مہم پر فوری طور پر روک لگنی چاہئے۔اطلاعات کے مطابق جمعے کے روز اننت ناگ میں اپنی پارٹی کے کارکنوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اْٹھا رکھے تھے جن پر بلڈزو رمہم روکنے کے الفاظ درج تھے۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے کہاکہ سرکار نے وعدہ کیا تھا کہ غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی لیکن محکمہ مال کے اہلکار ایل جی انتظامیہ کے حکم کو ماننے کے لئے تیار نہیں۔انہوں نے بتایا کہ جمہوریت میں جو سرکار ہوتی ہے وہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشی کے لئے کام کر تی ہیں لیکن یہاں پر اس کے برعکس ہو رہا ہے۔دریں اثنا جموں میں بھی اپنی پارٹی کے کارکنوں نے شاہراہ پر آکر دھرنا دیا اور ایل جی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے کہاکہ ایل جی منوج سنہا نے واضح کیاتھا کہ چھوٹے دکانداروں اور غریبوں کے ساتھ نہیں چھیڑا جائے گا لیکن محکمہ مال کے اہلکار غریبوں کے ہی آشیانے منہدم کر رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مہم پر فوری طورپر روک لگنی چاہئے۔بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، بارہ مولہ اور جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی اپنی پارٹی کے کارکنوں نے ایل جی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ بتادیں کہ جمعے کے روز بھی وادی کے شمال و جنوب میں محکمہ مال کی ٹیموں نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کو چھڑا یا۔