جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے پریم نگر علاقے میں آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر مین عمارت سے نیچے گر آیا جس وجہ سے اْس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعے کی شام کو پریم نگر جموں میں عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔اْن کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر مین ستیش رینا عمارت کی پہلی منزل سے نیچے گر آیا جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی فائر مین کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اْس سے مردہ قرار دیا۔دریں اثنا فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈائریکٹر جنرل آلوک کمار نے متوفی کی آخری رسومات میں شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ متوفی اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرگیا۔ڈی جی پی نے سوگوراں کو یقین دلایا کہ اْن کی ہر سطح پر مدد فراہم کی جائے گی۔