اندور//وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے میزبان شہر مدھیہ پردیش کے اندور کے ثقافتی ورثے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اندور صرف ایک شہر نہیں بلکہ ایک ‘دور’ ہے، جو وقت سے آگے چلتا ہے، پھر بھی میراث کو سمیٹے رہتا ہے۔مسٹر مودی یہاں منعقدہ 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کی رسمی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس دوران گیانا کے صدر محمد عرفان علی، سرینام کے صدر چندریکا پرساد سنتوکھی، مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور کئی دیگر معززین اور بڑی تعداد میں بیرون ملک مقیم ہندوستانی موجود تھے۔اندور شہر کے بارے میں این آر آئی کمیونٹی کو معلومات دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ اندور نے صفائی کے میدان میں ملک میں ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ کھانے پینے کے معاملے میں بھی اندور پوری دنیا میں بہترین ہے۔ اندوری نمکین کا ذائقہ، یہاں کے پوہے، سابو دانے کی کھچڑی، کچوری، سموسے، شکنجی، جس نے یہ دیکھا اس کے منہ کا پانی نہیں رکا اور جس نے چکھ لیا وہ کہیں اور مڑکرنہیں دیکھا۔اسی سلسلے میں انہوں نے اندور کی چھپن دکان اور صرافہ کا بھی ذکر کیا جو اسٹریٹ فوڈ کے لیے بہت مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کچھ لوگ اندور کو ذائقہ کے ساتھ ساتھ صفائی کی راجدھانی بھی کہتے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ اندور اپنے آپ میں شاندار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اندور ایک شہر ہے، لیکن وہ (مسٹر مودی) محسوس کرتے ہیں کہ اندور ایک دور ہے۔ یہ ایک ایسا دور ہے جو وقت سے آگے چلتا ہے، پھر بھی میراث کو سمیٹے رہتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پرواسی بھارتیہ سمیلن مدھیہ پردیش کی سرزمین پر منعقد ہو رہا ہے جسے ملک کا دل کہا جاتا ہے۔ ریاست میں ماں نرمدا کا پانی، یہاں کے جنگلات، قبائلی روایت، یہاں کی روحانیت، ایسی بہت سی چیزیں ہیں جو سفر کو ناقابل فراموش بنا دیں گی۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے این آر آئیز سے اندور سے متصل اجین میں واقع شری مہاکال لوک اور بھگوان مہاکالیشور کا دورہ کرنے کی بھی درخواست کی۔تین روزہ کنونشن کل سے شروع ہوا تھا، حالانکہ اس کا باقاعدہ افتتاح آج وزیر اعظم مسٹر مودی نے کیا۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب کل ہو گی۔ اس دوران صدر دروپدی مرمو بھی موجود رہیں گی۔