سری نگر//شمالی ضلع کپواڑہ کے بٹہ پورہ ہائی ہامہ کے جنگلی علاقے ترمناڈ میں مبینہ طورپر پیرپھسل جانے کے نتیجے میں دو افراد گہری کھائی میں جاگرے جس کے نتیجے میں 30سالہ نوجوان کی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرے کی بھی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مشتاق احمد میر ولد عبدالعزیز میر اور جعفر احمد خان ولد لیاقت علی خان بالن لانے کی خاطر جنگل کی طرف گئے جس دوران پیر پھسل جانے کے نتیجے میں دونوں گہری کھائی میں جاگرے۔معلوم ہوا ہے کہ دونوں کو زخمی حالت میں ضلع ہسپتال کپواڑہ منتقل کیا گیا جہاں پر مشتاق احمد کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہوئے جعفر احمد خان کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر منتقل کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں دو مقامی افراد کیسے کھائی میں جاگرے اس کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔