سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں جمعرات کو برف باری شروع ہوئی جس وجہ سے شاہرائوں پر سفید پرت بچھ گئی۔ سری نگر میں بھی رواں سیزن کی پہلی برف باری سے سیاحوں کے چہرے کھل اُٹھے۔ دریں اثناوادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے جس سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کسی حد تک راحت نصیب ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 29 دسمبر کی رات سے30 دسمبر تک کہیں کہیں رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری کے 70 فیصد چانسز ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرچہ بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم ہلکی برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے زوجیلا، سنتھن ٹاپ اور گریز بانڈی پورہ سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے۔ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سیاحتی مقامات جن میں سونہ مرگ ، پہلگام اور گلمرگ شامل ہیں میں درمیانی درجے سے لے کر بھاری برف باری ہو ئی ہے ۔ نامہ نگار نے بتایا کہ جمعرات شام پانچ بجے تک گلمرگ میں پانچ انچ ،بانڈی پورہ میں چار انچ ، سونہ مرگ میں چھ انچ ، پہلگام میں چار انچ کے قریب برف ریکارڈ ہوئی۔ گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں سہ پہر چار بجے کے بعد برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جس وجہ سے سیاحوں کے چہرے کھل اُٹھے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 25 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔بتادیں کہ وادی میں شہنشاہ زمستان چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے اس کا دور اقتدار21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔یہ چلہ ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور ہے اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوجاتا ہے جس کی حکومت کے دوران سردی کا زور قدرے تھم جاتا ہے۔