سری نگر//جموں وکشمیر کے ضلع ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں پولیس نے آئی ای ڈی کے لئے درکار سامان اور گولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں وکشمیر پولیس نے بسنت گڑھ ادھم پور میں 15کلووزنی آئی ای ڈی ، 4 سو گرام آر ڈی ایکس، سات کاٹریج ، پانچ ڈٹونیٹر، ایک کوڈڈ شیٹ اور لشکر طیبہ نامی ممنوع تنظیم کے کاغذات برآمد کئے۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ نوجوان کو بھی حراست میں لیا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ادھرجموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے کرناہ علاقے میں ایک شخص کو اسلحہ وگولہ بارو د سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آرمی اور کپواڑہ پولیس نے محمد اعظم دنیال ولد محمد تحسین ساکن دھانی کرناہ کو حراست میں لے کر اْس کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گرفتار نوجوان اسلحہ وگولہ بارود اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔اْن کے مطابق پوچھ تاچھ کے بعد مذکورہ نوجوان کی نشاندہی پر رہائشی مکان کے صحن میں کھدائی کے دوران ایک پستول ، دو پستول میگزین اور 43گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔