جموں//جموں وکشمیر کے سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار چوبیس گھنٹے اپنی خد مات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا :’ دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی‘۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دشمنوں کے کسی بھی مس ایڈونچر اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔اْن کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دراندازی کی متعددکوششوں کو ناکام بنایا گیا جس دوران کئی دراندازوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔