سری نگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے کشمیر صوبے کے کئی حصوں میں چار سرگرم ملی ٹینٹوں کے پوسٹر چسپاں کرکے جانکاری دینے پر دس لاکھ روپیہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا۔تفتیشی ایجنسی کے مطابق پتہ دینے والے کا نام صغیہ راز میں رکھا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے ہفتے کے روز چار سرگرم ملی ٹینٹ جن میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں کو اشتہاری قرار دے کر مختلف علاقوں میں اْن کے پوسٹر چسپاں کئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پوسٹر میں پاکستانی شہری سلیم رحمانی عرف ابو سعد ساکن نواب شاہ سندھ پاکستان اورسیف اللہ جٹ ساکن پاکستان ، سجاد گل سری نگر ، باسط احمد ڈار ساکن ریڈونی پائین شامل ہیں۔پوسٹرس میں سرگرم ملی ٹینٹوں کی تصاویر کے ساتھ ساتھ این آئی اے نے فون نمبر، ای میل ایڈرس، وائٹس اپ اور ٹیلی گرام نمبر بھی دئے ہیں تاکہ عوام الناس کو اس بارے میں مکمل جانکاری مل سکے۔تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتہاری قرار دئے گئے چار ملی ٹینٹوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے شخص کو دس لاکھ روپیہ بطور انعام دیا جائے گا اور اْس کا نام صغیہ راز میں رکھا جائے گا۔