نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان ایک خود اعتماد اور خود کفیل ملک کے طور پر ابھرا ہے جو اجتماعی بہبود کے لئے مل کر کام کرنے میں یقین رکھتا ہے، لیکن کسی بھی حالت میں اندرونی معاملات میں مداخلت منظور نہیں کرے گا۔مسٹر سنگھ نے جمعہ کو یہاں ایک پروگرام میں یہ بات کہی۔ انہوں نے اس کا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی سفارت کاری، اعتماد اور قائدانہ خوبیوں کو دیا، جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی شبیہ کو ایک ‘ایجنڈا سیٹٹر’ میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہندوستان نے آج خود کو عالمی سطح پر بلند کر دیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ ہماری امن پسند فطرت اور عزت ووقار کو دنیا تسلیم اور احترام کر رہی ہے۔یوکرین سے 22,500 ہندوستانیوں کو نکالنے کے لیے شروع کیے گئے ‘آپریشن گنگا’ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کے روس، یوکرین اور امریکہ کے صدور کے ساتھ بات چیت کے سبب ممکن ہوسکا۔