سری نگر//شمالی کشمیر کی دو ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) نشستوں کے دوبارہ ہونے والے انتخابات میں دو ا?زاد امیدواروں جن میں سے ایک کو نیشنل کانفرنس جبکہ دوسرے کو اپنی پارٹی کی حمایت حاصل تھی،نے فتح کا جھنڈا گاڑ دیا۔بتادیں کہ کپوارہ کے درگمولہ اور بانڈی پورہ کی حاجن اے کی ڈی ڈی سی نشستوں کے دوبارہ انتخابات 5 دسمبر کو منعقد ہوئے تھے اور جمعرات کو ووٹوں کی گنتی ہوئی۔درگمولہ ڈی ڈی سی نشست پر آزاد امید وار آمنہ مجید نے جیت حاصل کی۔ موصوفہ نے 3 ہزار 2 سو59 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے قریبی حریف شبنم رحمان نے 3 ہزار2 سو20 ووٹ حاصل کئے۔بتایا جاتا ہے کہ آمنہ مجید کو نیشنل کانفرنس جبکہ شبنم رحمان کو پیپلز کانفرنس کی حمایت حاصل تھی۔ اس نشست میں دس امیدوار میدان میں تھے۔دوسرے نزدیکی مقابلے میں حاجن اے نشست پر آزاد امید وار نازہ بیگم نے کامیابی کا جھنڈا لہرایا جس کو اپنی پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔نازہ بیگم نے 2 ہزار6 سو6 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے قریبی حریف عتیقہ بانو نے 2 ہزار 2 سو83 ووٹ حاصل کئے۔اس نشست کے لئے پانچ امید وار میدان میں تھے۔قابل ذکر ہے کہ ان دو ڈی ڈی سی نشستوں کے انتخابات دسمبر 2020 میں منعقد ہوئے تھے تاہم سٹیٹ الیکشن کمیشن نے یہ شکایت موصول ہونے پر کہ ان نشستوں کے دو خواتین امید واروں کا تعلق پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے ہے، کے بعد ووٹوں کی گنتی پر روک لگادی تھی۔