سری نگر// وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور مسلسل جاری ہے جس سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں۔وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین جگہ رہی جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم درج ہوا تھا۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں منگل کی صبح بھی دھند چھائی رہی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وادی کے شہرہ ا?فاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کی ایک تازہ لہر 9 دسمبر کو وارد وادی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں وادی میں 9 دسمبر کی شام سے 10 دسمبر کی شام تک برف باری کا امکان ہے۔ادھر وادی میں منگل کو بھی صبح سے ہی موسم خشک رہا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا ہے۔