سری نگر//جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں لوگوں نے سومو اسٹینڈ کی منتقلی کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر فوری طورپر اس فیصلے کو واپس نہیں لیا گیا تووہ دھرنے پر بیٹھیں گے۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کے روز عوامی آواز پارٹی کے بینر تلے سری نگر میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ گھنٹہ گھر سے لوگوں نے احتجاجی جلوس نکالا اور جوں ہی جلوس کے شرکاء پریس کالونی کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر پہلے سے تعینات پولیس اہلکاروں نے اْن کا راستہ روکا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے کہاکہ سرکار نے حال ہی میں سکھ ناگ سومو سٹینڈ بیروہ کو دوسری جگہ منتقل کیا جس سے سینکڑوں افراد کی روزی روٹی پر اثر پڑا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرکار نے یک طرفہ فیصلہ لیا اور یہ لوگوں کے توقعات کے برعکس ہے لہذا اس کو فوری طورپر واپس لینے کی ضرورت ہے۔مظاہرین نے ایل جی منوج سنہا نے اپیل کی کہ لوگوں کے جذبات وا حساسات اور اْن کی روزی روٹی کا خیال رکھتے ہوئے اس فیصلے کو فوری طورپر واپس لیا جائے۔