سری نگر// بالی ووڈ ادا کار عمران ہاشمی نے پہلگام میں شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کی افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری نگر اور پہلگام میں شوٹنگ کرنا انتہائی مسرت افزا ہے بتادیں کہ عمران ہاشمی ان دنوں کشمیرمیں اپنی فلم ’گراؤنڈ زیرو‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق پہلگام میں شوٹنگ کے دوران کسی شر پسند عنصر نے کریو ارکان پر پتھر بازی کی۔
اننت ناگ پولیس اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’پہلگام میں 18 ستمبر کو فلم شوٹنگ کے دوران جب شوٹنگ اختتام ہونے والی تھی، شام کے7 بجکر 15 منٹ پر ایک شر پسند نے کریو ارکان پر پتھر بازی کی‘۔
ٹویٹ میں کہا گیا: ’اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پہلگام میں ایک ایف آئی آر درج کیا گیا اور شر پسند کو شناخت کرکے گرفتار کیا گیا‘۔
عمران ہاشمی نے منگل کی صبح اس واقعے میں زخمی ہونے کی خبروں کو رد کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کشمیر کے لوگ بہت ہی پُر جوش ہیں سری نگر اور پہلگام میں شوٹنگ کرنا انتہائی مسرت افزا ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پتھر بازی کے واقعے میں میرے زخمی ہونے کی خبریں صحیح نہیں ہیں‘۔
قابل ذکر ہے کہ ملی ٹنسی شروع ہونے سے قبل وادی کشمیر بالی ووڈ فلموں کی شوٹنگ کے لئے پسندیدہ مقام ہوا کرتی تھی۔
اب جہاں تین دہائیوں کے طویل عرصے کے بعد بالی ووڈ ادا کاروں نے وادی میں ایک بار پھر فلموں کی شوٹنگ کرنا شروع کی ہے وہیں وادی میں سنیما گھر بھی کھلنے لگے۔