سری نگر// جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے رفیع آباد علاقے میں آپریشنز کے دوران البدر سے وابستہ چار جنگجوؤں اور تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ادھے باسکر نے ہفتے کے روز یہاں رفیع آباد میں ایک مختصر پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر سوپور پولیس، سی آر پی ایف کی 92 بٹالین اور فوج کی 32 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے دو الگ الگ آپریشنز کے دوران سات لوگوں کو گرفتار کیا جن میں چار جنگجو اور تین جنگجو اعانت کار شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ایک آپریشن کے دوران البدر نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تین جنگجوؤں کو گرفتار کیا گیا جن کی پوچھ تاچھ کے دوران ہمیں ایک اور لیڈ مل گئی اور اس کے بعد ہم نے ایک اور جنگجو کو گرفتار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گرفتار شدگان کی پوچھ تاچھ کے دوران منکشف ہوا کہ اس ماڈیول کو پاکستان میں بیٹھا یوسف بلوچی عرف خورشید چلا رہا تھا جو اصلی اننت ناگ کا رہنے والا ہے۔موصوف ڈی آئی جی نے کہا کہ یہ ماڈیول سیکورٹی فورسز پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا جس کو سیکورٹی فورسز کی بر وقت کارروائی نے ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا جس میں ایک یو بی جی ایل، ایک اے کے 47 رائفل، تین پستول اور گولیاں شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ الگ الگ جگہوں سے تین لاکھ اسی ہزار روپیے نقدی رقم بھی بر آمد کیے گئے۔ایک سوال کے جواب میں مسٹر باسکر نے کہا کہ حال ہی میں ہیراؤن جیسا مواد بھی بر آمد کیا گیا اور نارکو ملی ٹنسی پر کام چل رہا ہے اور اس ضمن میں پانچ کیس درج کئے جا چکے ہیں۔دریں اثنا پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں پہلے آپریشن کے دوران گرفتار شدگان کی شناخت وارث تانترے ولد عبدالطیف تانترے ساکن راوچھہ رفیع آباد، عامر سلطان وانی ولد محمد سلطان وانی ساکن ناؤ پورہ سوپور اور طارق احمد بٹ ولد ثناواللہ بٹ ساکن ژونٹی پورہ ہندوارہ کے بطور کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ ان گرفتار شدگان کے انکشاف پر اشرف نذیر بٹ ولد مرحوم نذیر احمد بٹ نامی ایک اور جنگجو کو تین جنگجو اعانت کاروں سمیت گرفتار کیا گیا۔گرفتار جنگجو اعانت کاروں کی شناخت محمد اشرف ملک ولد محمد اکبر ملک ساکن ساکن درنگسو، محمد افضل ٹھو کر ولد عبدالعزیز ٹھوکر سکان کمال آباد ہندوارہ اورشبیر احمد شاہ ولد غلام حسن شاہ ساکن شر ہامہ ہندوارہ کے بطور کی گئی۔بیان کے مطابق گرفتار شدگان جنگجوؤں کو منطقی سپورٹ فراہم کرنے کے علاوہ رفیع آباد سوپور میں نوجوانوں کو البدر نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کے لئے اکسا رہے تھے۔قبل ازیں سی آر پی ایف کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سی آر پی ایف کی92 بٹالین، جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی 32 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے سوپور کے راوچہ ڈنگی وچھ علاقے میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران تین جنگجوؤں کو گرفتار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدہ جنگجو البدر نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تھے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ گرفتار شدگان سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا جس میں ایک اے کے47 رائفل، اس کا ایک میگزین، دو پستول، ان کے دو میگزین اور لائیو گولیاں شامل ہیں۔