سرینگر// نیشنل کانفرنس کے اراکین پارلیمان حد بندی کمیشن میں حدبندی رپورٹ سے متعلق اپنے اعتراضات اور تحفظات پر مبنی مفصل رپورٹ تیار کرکے کمیشن کو پیش کریںگے کی بات کرتے ہوئے جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کمیشن کی پہلی رپورٹ بھی مسترد کی تھی اور دوسری رپورٹ بھی مسترد کرتی ہے۔ نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کا ایک خصوصی ورچول اجلاس پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی لیڈران ،زون صدور صاحبان، ضلع صدور صاحبان، انچارج کانسچونسیز اور دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، لوگوں کے مسائل و مشکلات اور موجودہ حالات کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس کے علاوہ شرکاء نے اجلاس کو نئی حدبندی سے اپنے اپنے علاقوں پر پڑے مضر اثرات کے بارے بھی اجلاس کو جانکاری دی اور ساتھ ہی پارٹی کے اراکین پارلیمان کو حدبندی کمیشن میں اپنا جواب داخل کرنے کیلئے معلوما ت بھی پیش کیں۔ 6گھنٹے تک جاری رہے ورچول اجلاس میں تمام شرکاء نے اپنے اپنے تاثرات بیان کئے اور نائب صدر نے سبھی شرکاء کو اطمینان سُنا۔ عمر عبداللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے اراکین پارلیمان حد بندی کمیشن میں حدبندی رپورٹ سے متعلق اپنے اعتراضات اور تحفظات پر مبنی مفصل رپورٹ تیار کرکے کمیشن کو پیش کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کمیشن کی پہلی رپورٹ بھی مسترد کی تھی اور دوسری رپورٹ بھی مسترد کرتی ہے۔ ہمارے ممبران نے کمیشن کے سامنے کو اعتراضات ، تحفظات اور تجاویز پیش کئے گئے تھے انہیں مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے پارٹی لیڈران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔ اجلاس میں صدرِ صوبہ کشمیر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، سکینہ ایتو، پیرزادہ احمد شاہ، شمیمہ فردوس، مبارک گل، حسنین مسعودی، محمد سعید آخون، عرفان احمد شاہ، علی محمدڈار، جاوید احمد ڈار، نذیر احمد خان گریزی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، محمد خلیل بند، ترجمان عمران نبی ڈار، سلمان علی ساگر، تنویر صادق، ڈاکٹر سجاد شفیع، غلام محی الدین میر، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، الطاف احمد وانی، سیف الدین بٹ، ڈاکٹر محمد شفیع اور دیگر لیڈران نے بھی ورچول اجلاس میں شرکت کی۔