گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے آج ضلع کیپکس 2021-22 کے تحت اَضلاع میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں یوٹی کمپوننٹس، لون کمپوننٹس ، ائیر یا ڈیولپمنٹ فنڈ پلان، نبارڈ ، بی ٹو وِی تھری کام ،مرکزی معاونت والی سکیموں ( سی ایس ایس ) کے تحت کامیابیاں اور دیگر شامل ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے پروجیکٹ کے لحاظ سے طبعی اور مالی صورتحال اور ضلع میں سکیموں پر عمل در آمد میں حائل رُکاوٹوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور اَفسران کی طرف سے کاموں ، منصوبوں کی فزیکل اور مالی صورتحال اور اخراجات کے بارے میں بریفنگ دی۔اُنہوں نے صدفیصد اخراجات کو بروقت حاصل کرنے کے لئے مربوط کوششیں کرنے پر زور دیا اور اَفسران کو تاکید کی کہ وہ جاری کاموں کو اِن کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے سرعت سے ہر ممکن اقدامات کریں۔میٹنگ میں مختلف محکموں بشمول آئی سی ڈی ایس ، ڈی آئی سی ، دیہی ترقی محکمہ ، تعلیم اور دست کاری ، زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں کی طرف سے پیش کی جانے والی متعدد مرکزی معاونت والی سکیموں کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے مختلف سکیموں کے تحت کار کردگی کا جائزہ لیا اور عوام الناس میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی ہدایت دی تاکہ مستحقین کو اِن سکیموں کے تحت لایا جاسکے۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر ، اے سی ڈی ، سی پی او ، جی ایم ، ڈی آئی سی ، لیڈ بینک منیجر ، سی اِی او اور دیگر ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔