جموں//انفو//سٹیٹ سیڈ سب کمیٹی نے آج شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی جموں سے تیار کردہ مختلف فصلوں کی نئی تیار کردہ اقسام کو جاری کرنے کومنظوری دی۔پرنسپل سیکرٹری زراعی پیداوار اور بہبود کساناں نوین کمار چودھری کی صدارت میں آج یہاں سب کمیٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سکاسٹ ۔ جے کی فصلوں کی 9نئی اَقسام کو جاری کرنے کی سفارش کی۔دائریکٹر ریسرچ سکاسٹ ۔ جے نے 9 اَقسام کی ریلیز کی تجاویز پر غور کرنے کے لئے ایک پرزنٹیشن پیش کی جس میں گندم (JAUW-672)،مکئی(SJPC-01)، زعفران، مکئی ،ریپ سیڈ اینڈ مسٹارڈ رایا(JM 13-5)،ریپ سیڈ اینڈ مسٹارڈ ۔گوبی سرسن ( JGS 12-3)،مونگ(JAUM-0936)، راجماش (BR-39)،اخروٹ کی دو اَقسام(SJPW-1 & JWSP-06) اورچونا (SEL-1001)شامل ہیں۔ میٹنگ میں ہر فصل کی نمایاں خصوصیات جیسے مطابقت ، فصل کی پختگی ، پیداوار ، بیمار ی کے خلاف مزاحمت اور دیگر خصوصیات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے دونوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں سے کہا کہ وہ ایسی اقسام تیار کریں جن میں تجارتی اِمکانات موجود ہوں ۔ اُنہوں نے سائنسدانوں اور محققین سے کہا کہ وہ ترقی پسند کسانوں کو اِن نئی اقسام کے لئے ترغیب دیں۔اُنہوں نے اَفسران کو اُن علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے کی بھی تاکید کی جو کسی خاص فصل کے لئے بہترین ہیں۔وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر جے پی شرما نے تمام سائنسدانوںکو مختلف فصلوں کی 9 اَقسام جاری کرنے کا سنگ میل حاصل کرنے کے لئے ان کی مشترکہ ااور انتھک کوششوں کے لئے مبارک باد دی۔ اُنہوں نے مستقبل قریب میں اس طرح کی مزید کامیابیوں کی تمنا ظاہر کی۔وائس چانسلر سکاسٹ ۔کے ڈاکٹر نذیر احمد گنائی ، ڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر ڈاکٹر بکر م سنگھ، ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کشمیر، ڈائریکٹر زراعت جموںوکشمیر ، ڈائریکٹر لأ اَنفورسمنٹ ، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت ( اِن پُٹس) ، نوڈل آفیسر میگا سیڈ، ایسو سی ایٹ ڈائریکٹر ریسرچ سکاسٹ۔جموں، ڈویژنل سیڈ سرٹیفکیشن آفیسر جموں / کشمیر اور دیگر متعلقہ اُگانے والوں نے بھی ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں شرکت کی۔