سری نگر//زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے متعدد وفود نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ ایس راجندر کی قیادت میں سکھ برادری کے ایک وفد نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاسے ملاقات کی اور نان مائیگرنٹ کے پی کی طرزِ پر کشمیری سکھوں کے لئے ملازمت کے پیکیج کا مطالبہ پیش کیا۔ اُنہوں نے وادی میں گوردواروں کی اَراضی کے اطراف سے تجاوزات کو ہٹانے کی بھی مانگ کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ صدر شری کیلاکھ جیوتش اویم ویدک سنستھان ٹرسٹ مہنت روہت شاستری نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے جموںوکشمیر یوٹی میں سنسکرت زبان کے فروغ اور تحفظ سے متعلق مختلف مسائل کو پیش کیا۔اُنہوں نے رائے پور دومانہ لنک روڈ اور ہائیر سکینڈری سکول دومانہ کو لیفٹیننٹ کرنل مہاتم سنگھ مہاویر چکرا کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ جموںوکشمیر نیشنلسٹ پیپلز فرنٹ کے صدر شیخ مظفر نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور جموںوکشمیر کو ترقی راہ پر گامزن کرنے کے لئے متعدد شعبوں میں کی گئی بے مثال اِصلاحات اور اِقدامات کے لئے شکریہ اَدا کیا۔شیخ مظفر نے اچھہ بل میں سپورٹس سٹیڈیم ، اچگوزہ پلوامہ میں ڈگری کالج اور اننت ناگ میں زچگی ہسپتال کے مطالبات بھی پیش کئے۔بعد ازاں ، مصنف اور تعلیم کے مشیر فردوس احمد بٹ نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور نوجوانوں سے متعلقہ مختلف مسائل گوش گزار کئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے سامنے پیش کئے گئے مطالبات اور مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام مطالبات پر مناسب کارروائی کے لئے یوٹی اِنتظامیہ کے متعلقہ حلقوں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جے کے این پی ایف کے صدر پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر یوٹی کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے اَپنی کوششیں جاری رکھیں۔