سری نگر//ضلع مسجٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہونے پر لوگوں اور میڈیا کے رول کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی بہت جلد فیصلہ کر ے گی۔انہوں نے ساتھ ہی والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’گذشتہ چند دنوں سے کورونا کیسز میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہےاس کے لئے میں سری نگر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔ان کا کہنا تھا: ’میں میڈیا کا بھی شکر گذار ہوں جنہوں نے کورونا گائیڈ لائنز کے پیغام کو عام کرنے میں نمایاں رول ادا کیا‘۔مسٹر اعجاز اسد نے کہا کہ ہر جگہ لوگوں کو ماسک لگائے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے تیسری لہر کے متعلق پیش گوئیوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا: ’لیکن ہمیں کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کرنا ہے تاکہ کیسز کو صفر کی سطح تک پہنچایا جا سکے‘۔تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھولنے کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف ضلع مجسٹریٹ کا کہنا تھا: ’سکولوں کے کھولنے کے بارے میں سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی بہت جلد فیصلہ لے گی میری والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں‘۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں تیزاب دکانوں کے خلاف مہم آگے بھی جاری رہے گی۔