سری نگر/پولیس کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر پولیس کو کشمیر یونیورسٹی کے اندرونی معاملات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور پولیس کبھی بھی ان معاملوں کے لئے تعلیمی اداروں میں داخل نہیں ہوتی ہے۔ان باتوں کا اظہار منگل کے روز سری نگر پولیس کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کیا گیا۔ٹویٹر ہینڈل پر وہ ویڈیو کلپ بھی اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کشمیر یونیورسٹی میں کچھ پولیس اہلکارایک عمارت کے باہر آرام سے کھڑے ہیں جبکہ طلبا اندر ہیں جو بظاہر متعلقہ حکام سے بات کر رہے ہیں۔ٹویٹ میں کہا گیا: ’سوشل میڈیا پر ایک کلپ گردش کر رہی ہے جس میں غلطی سے جموں و کشمیر پولیس کو کشمیر یونیورسٹی میں ہونے والی طلبا کی بد امنی سے جوڑا جا رہا ہے‘۔ٹویٹ میں مزید کہا گیا: ’یہ بات واضح کی جا رہی ہے کہ جموں وکشمیر پولیس کو کشمیر یونیورسٹی کے اندورنی معاملات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے پولیس تعلیمی اداروں میں ان معاملوں کے لئے داخل نہیں ہوتی ہے مہربانی کرکے پوشیدہ ایجنڈوں کے لئے ہمیں بدنام نہ کریں‘۔