جموں//نگروٹہ اسمبلی نشست سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے حد ببندی کمیشن کی منظر عام پر آنے والی دوسری رپورٹ کا مسترد کیا ہے۔انہوں نے منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم حد بندی کمیشن کی طرف سے جاری حالیہ رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں اور خاص طور پر جس طرح نگروٹہ نشست کی توڑ پھوڑ کی گئی ہے اس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حد بندی کمیشن کو اس رپورٹ پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ایک لیڈر نے پریس کانفرنس کے حاشئے پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ نگروٹہ نشست کی حد بندی جیسے تھی ویسی ہی رہنی چاہئے۔انہوں نے کہا: ’نگروٹہ نشست کو اگر ٹھیک کرنا تھا تو اور بھی طریقے تھے اس کو ٹھیک کرنے کے لئے،کمیونٹی کے بنیاد اس کو تقسیم نہیں کرنا چاہئے تھا‘۔ان کا کہنا تھا: ’بھائی چارے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ہم اس کو نہیں مانیں گے یہ ہمیں قابل قبول نہیں ہے‘۔موصوف لیڈر نے کہا کہ یہ رپورٹ بند کمرے میں تیار کی گئی ہے اور لوگوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نئے نگروٹہ کو نہیں چاہتے ہیں۔