جموں//پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار اور بہبودِ کساناں محکمہ نوین کمار چودھری نے آج یہاں اَپنے دَفتر میں جموںوکشمیر میں کمرشل فلوری کلچر کی زراعت کو فروغ دینے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر، پارکس و باغات شیخ فیاض احمد نے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے محکمانہ سکیموں اور سبسڈی کے فروغ کے لئے خصوصی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اِس شعبے میں اَبھی تک بے پناہ اِمکانات موجود ہیں۔میٹنگ کے اہم فیصلوں میں چیئرمین کی طرف سے یہ فیصلہ لیا گیا کہ مستقبل میں کیپکس فنڈس سے سبسڈی دینے کی اِجازت نہیں دی جائے گی۔پرنسپل سیکرٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں کمرشل فلوری کلچر زراعت کو فروغ دینے،پھول کے کاشت کاروں کو پیدا وار اور پیکیجنگ / مارکیٹنگ جیسی سرگرمیوں کے لئے الگ سے ترغیب دی جائے گی ۔نوین چودھری نے ہدایت دی کہ مشن فار اِنٹگریٹیڈڈیولپمنٹ آف ہارٹی کلچر ( ایم آئی ڈی ایچ)کے تحت مقررکردہ اَصول پھولوں کی پیداوار کے لئے سبسڈی دیتے وقت سختی سے لاگو ہوں گے ۔پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے کہا کہ صوبہ کشمیر کی آب و ہوا بلب اور کٹ فلاور کی پیداوار کے لئے بہترین ہے۔صوبہ جموں مختلف موسمی علاقوں پر مشتمل ہے اور اِس وجہ سے روایتی پھولوں کے کاشتکاروں کو کٹ فلاور اورمختلف خوشبودار پھولوں جیسے لیوینڈر کی پیداوار کا موقع فراہم کرتا ہے۔چیئرمین نے پھولوں کی کاشت کاری کے لئے ’’ پیکیجنگ اور ٹرانسپورٹ سپورٹ ‘‘ کے لئے مخصوص بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی ۔ بجٹ میں پروڈکشن سپورٹ اور پیکیجنگ ،پروسسنگ یونٹس اور ٹرانسپورٹیشن کے لئے مخصوص رقم رکھی جائے گی۔یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ مذکورہ سرگرمیوں کے تھت کسی فرد کو زائد اَز پانچ عرصے تک مراعات نہیں دی جائیں گی۔حکومت کی پرواز کار گو سکیم جس کے تحت کسانوں کو ائیر کار گو کے لئے سبسڈی فراہم کی جاتی ہے ، کا بھی میٹنگ میں غور و خوض ہوا۔پرنسپل سیکرٹری نے تجویز دی کہ اِس سکیم کو تین برس کی مد ت کے لئے آزمائشی بنیادوں پر محکمہ باغبانی تک بڑھایا جائے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ہر برس محکمہ کے لئے پھولوں کی پیداوار میں 25فیصد اِضافے کا ہدف مقرر کیا۔ اُنہوں نے باغبانی کے اَفسران اور ماہرین کو اِس شعبے میں کامیاب ہونے والی دوسری ریاستوں سے مزید سیکھنے کے لئے تعلیمی دورے فراہم کرنے کا بھی مشورہ دیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ ، کمیٹی کے دیگر ممبران ، ایڈیشنل سیکرٹری جہانگیر ہاشمی ، ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر موجود تھے۔