جموں//چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل رام بن محترمہ شمشاد شان نے آج راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے ڈی ڈی سی ممبران محترمہ گلشن پروین اور بشیر احمد رونیال کے ہمراہ لفٹینٹ گورنر کو میمورنڈم پیش کیا جس میں رام بن کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات اور فلاح و بہبود سے متعلق کئی مسائل اور مطالبات شامل تھے ۔ مطالبات میں لمبر بانہال اور سنگلدان کے پہاڑی علاقے میں اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر ، ریلوے کی تعمیر اور قومی شاہراہوں کے منصوبوں میں مقامی لوگوں کو ملازمت دینا ، چاچاوہ ۔ انڈ واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی ، ہروگے میں چپران نالہ پر پُل کی تعمیر ، رام بن میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل ، بجلی کی فراہمی میں اضافہ اور دیگر مطالبات شامل تھے ۔ لفٹینٹ گورنر نے ڈی ڈی سی رام بن کی چئیر پرسن اور ممبران کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور مطالبات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں متعلقہ محکموں کی طرف سے میرٹ پر حقیقی مسائل کے ازالہ کیلئے مناسب کارروائی کا یقین دلایا ۔ لفٹینٹ گورنر نے پی آر آئی کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے مسائل کو فروغ دینے اور بنیادی سطح پر فیصلہ سازی کے عمل میں فعال شمولیت کے ساتھ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔