جموں//پیرا ایتھلیٹ ایس چندیپ سنگھ نے آج راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے چندیپ سنگھ کو 11-12 دسمبر 2021 کو استنبول ، ترکی میں منعقدہ 9 ویں عالمی پیرا تائیکوانڈو چیمپین شپ میں مردوں کے پلس 80 کلو گرام مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر جموں و کشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی ۔ ملاقات کے دوران پیرا اولمپک نے جموں و کشمیر اسپورٹس پالیسی 2022 کو منظور کرنے پر لفٹینٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا ۔ نوجوان پیرا ایتھلیٹ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جے اینڈ کے اسپورٹس پالیسی 2022 کا مقصد یو ٹی میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور خصوصی طور پر معذور کھلاڑیوں کی ضروریات کو پورا کرنے پر خصوصی زور دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے کھیلوں کو مزید فروغ دینا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے 9 ویں عالمی پیرا تائیکوانڈو چیمپین شپ میں پیرا ایتھلیٹ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں یو ٹی انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ مستقبل کے ایونٹس میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کیلئے اپنی تربیت جاری رکھیں ۔