سری نگر//یو این آئی// جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع بارہ مولہ کے اوڑی تحصیل میں پولیس نے نارکو ٹیرر ماڈیول سے وابستہ دو افراد کو حراست میں لے کر اْن کے قبضے سے 18کروڑ روپیہ مالیت کی ہیروئن برآمد کی ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 5 فروری 2022 کے روز ایس ایچ او پولیس اسٹیشن اوڑی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے اوڑی کے داچھی بسگران علاقے میں پیٹرولنگ کے دوران دو گاڑیوں کو شاہراہ پر مشکوک حالت میں پایا۔انہوں نے بتایا کہ جونہی پولیس ٹیم مذکورہ گاڑیوں کے نزدیک پہنچی تو اْس میں موجود ڈرائیوروں نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا کر دونوں کو دھر دبوچا۔اْن کے مطابق دونوں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران آٹھ پیکٹ برآمد ہوئے جن میں نو کلو ہیروئن موجود تھی جس کی مالیت 18کروڑ روپیہ ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتارشدگان کی شناخت محمد صابر بروال ولد فقیر علی ساکن جبڈا کملا کوٹ اوڑی اوور پرویز احمد تانترے ولد غلام نبی ساکن ربن رفیع آباد سوپور کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جامہ تلاشی کے دوران محمد صابر بروال کے قبضے سے پانچ لاکھ روپیہ کی چیک اور ایک آدھار کارڈ ضبط ہواہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز احمد تانترے کے قبضے سے 9 لاکھ 79 ہزار پانچ سو روپیہ کی سات چیکیں، ایک چیک بک ، ایک آدھاور کارڈ، موبائیل فون، پین کارڈ، ای شرم کارڈ، دو اے ٹی ایم کارڈ ، ایک کسان کارڈ اور ڈبیٹ کارڈ کے ساتھ ساتھ دوسرے کاغذات بھی برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 17/2022 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔