گورکھپور//مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے اترپردیش میں امن و امان کو بہتر بنانے میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اس حکومت نے ریاست سے مافیا اور مجرموں کا خاتمہ کر دیا ہے۔شاہ نے یوگی کے نومینیشن سے قبل یہاں مہارانا پرتاپ کالج میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوروانچل اور گورکھپور کاجو علاقہ مافیا اور مجرموں کے لیے مشہور تھا، آج یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی قیادت میں ان مجرموں کاصفایا ہوگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یا تو مافیا جیل میں ہیں یا پھر ایس پی اور بی ایس پی جیسی ان پارٹیوں کے امیدواروں کی فہرست میں ہیں جومجرموں کو تحفظ فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے کہا، اتر پردیش اب جرائم سے پاک ہو گیا ہے۔ اعظم خان، عتیق احمد اور مختار انصاری جیسے لوگ آج سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ اس موقع پر خود یوگی اور بی جے پی کے انتخابی انچارج دھرمیندر پردھان اور ریاستی بی جے پی صدر سواتنتر دیو سنگھ موجود تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، شاہ نے کہا، میرا یوگی جی کے گرو مہنت اویدیا ناتھ جی کے ساتھ قریبی رشتہ رہا ہے۔ یوگی جی یہاں سے 5 بار ایم پی رہ چکے ہیں۔ وہ 5 سال سے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ میں جب بھی یہاں آتا ہوں، گورکھپور پہلے سے بہتر نظر آتا ہے۔ گورکھپور کبھی مافیاؤں کے چھپنے کی جگہ ہوتا تھا، لیکن آج اس کی تعریف بدل گئی ہے۔شاہ نے کہا کہ اب گورکھپور کا مطلب گنگا ایکسپریس وے، آرگینک فارمنگ، ریل، ایمس، فرٹیلائزر فیکٹری، پوروانچل ایکسپریس وے اور ریجنل میڈیکل ریسرچ سینٹرہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے بی جے پی نے اتر پردیش قانون ساز اسمبلی انتخابات میں 300 سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ انہوں نے اپیل کی ، ہمارے کارکن آپ کے گھر آئیں گے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کا آشیرواد بی جے پی کے تمام امیدواروں کو ضرورملے گا۔جلسہ عام کے بعد شاہ اور پردھان سمیت دیگر لیڈروں کی موجودگی میں یوگی نے کلکٹریٹ آفس میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس کے بعد تمام رہنماؤں نے گورکھ ناتھ مندر میں پوجا ارچناکی۔