سری نگر// جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے کیشون علاقے میں جمعرات کی شام کو ہوئے ایک المناک ٹریفک حادثے میں 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔پولیس کے ایک آفیسر نے یو این آئی اردوکو بتایا کہ کشتواڑ کے کیشون علاقے میں جمعرات کی شام کو ایکو گاڑی زیر نمبر (JK17-5089) ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس وجہ سے اس میں سوار چھ افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور 26آر آر سے وابستہ اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اْنہیں مردہ قرار دیا۔مہلوکین کی شناخت لطیف احمد راتھر ولد عبدالصمد، رحمن بٹ ولد احمد بٹ ، عرفان احمد ولد غلام حیدر شیخ ، غلام حسن ولد محمد بٹ، عطا محمد ولد احمد بٹ اور زبیر احمد ولد عطا ساکنان نرگرینا کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر16/22کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔دریں اثنا حادثے پر سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے رنج وغم کا اظہا رکرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔