سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے وانٹہ پورہ حول میں معصوم دوشیزہ پرتیزاب پھینکنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خاطیوں کوقرار واقعی اور عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کی سٹیٹ سکریٹری و سابق وزیر سکینہ ایتو، خواتین ونگ صدر شمیمہ فردوس، صوبائی صدر کشمیر انجینئر صبیہ قادری اور سوشل میڈیا انچارج سارا حیات شاہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اس گھناونے واقعے نے ہر ذی شعور ذہن اور حساس دل کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایام کے دوران جہاں صنف نازک کیخلاف مظالم میں انتہائی تشویشناک تک اضافہ ہوا ہے وہیں تیزاب پھینکنے کے اس واقعہ نے حالات کی سنگینی کی عکاسی کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ تشویشناک بات یہ ہے کہ پچھلے کچھ برسوں میں عورتوں کے ساتھ ظلم و ستم کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔عورتوں کے خلاف ان جرائم میں گھریلو جبر و تشدد، زیادتی،قتل،اغوا ،تیزاب گردی ، آتش زنی اور دیگر نوعیت کے کئی جرائم شامل ہیں۔پارٹی لیڈران نے کہا کہ زمانہ جاہلیت میں عورت کا کوئی پرسان حال نہ تھا،اسکی تذلیل کے لئے اسکا عورت ہونا ہی کافی سمجھا جاتا تھا۔ اگر چہ اسلام کے غلبے کے ساتھ ہی عورت کی نہ صرف حالت بدلی بلکہ پہلی بار اس کو اس کااصل مقام نصیب ہوا۔لیکن موجودہ دورمیں زمانہ جاہلیت سے بھی بدتر واقعات رونما ہورہے ہیں اوران کا تدارک کرنے اور روک تھام کرنے کیلئے سماج کے ہر ایک زی حس ،باشعور اور صحیح سوچ رکھنے والے فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ہر کسی کو اپنے گھر سے شروعات کرنی پڑے گی۔نیشنل کانفرنس لیڈران نے کہاکہ تیراب پھینکنے کے جیسے گھناونے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کیساتھ ساتھ بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت اور خواتین کی عزت کی ترغیب دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیاکہ متاثرہ دوشیزہ کا بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے اور اُسے سرکاری نوکری کے علاوہ بھر پور مالی مدد کی جائے۔