سری نگر//کورونا کے یومیہ کیسز میں گذشتہ چند روز سے کمی واقع ہونے کے پیش نظر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ کے حکام نے او پی ڈی خدمات بدھ سے بحال کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔واضح رہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ درج ہونے کے پیش نظر سکمز میں ماہ جنوری کے دوسرے ہفتے میں احتیاطی طور پر او پی ڈی سروسز کو بند کرکے ٹیلی کنسلٹیشن شروع کی گئی تھی۔سکمز کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ پروفیسر فاروق احمد جان کی طرف سے منگل کو جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا: ’مریضوں کی بھلائی اور کورونا کیسز میں تخفیف درج ہونے کے پیش نظر سکمز میں بدھ یعنی 2 فروری سے او پی ڈی خدمات دوبارہ شروع ہوں گی‘۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں گذشتہ چند روز سے بتدریج کمی درج ہونا شروع ہوئی ہے۔حکام نے یونین ٹریٹری میں 64 گھنٹوں پر محیط ویک اینڈ لاک ڈاؤن میں بھی 7 گھنٹوں کی تخفیف کر دی ہے اور جمعے کو لاک ڈاؤن سے مکمل طور پر مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔