سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ بجٹ سیشن کو ہر ممکن حد تک نتیجہ خیز بنایا جائے گا اور ممبران پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کیلئے کھلے ذہن کے ساتھ بات چیت کریں۔بجٹ سیشن سے پہلے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ بجٹ سیشن آج سے شروع ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں اس اجلاس میں تمام اراکین پارلیمنٹ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ آج کی عالمی صورتحال میں ہندوستان کیلئے بہت سارے مواقع ہیں۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کا یہ سیشن ملک کی اقتصادی ترقی، ٹیکہ کاری پروگرام، میڈ ان انڈیا ویکسینز کے حوالے سے دنیا میں اعتماد پیدا کرتا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہاکہ اس سیشن میں بھی، بات چیت، مباحث کے مسائل اور کھلے ذہن کے مباحثے عالمی اثرات کے لئے ایک اہم موقع بن سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مجھے امید ہے کہ تمام اراکین پارلیمنٹ، سیاسی جماعتیں کھلے ذہن کے ساتھ معیاری بات چیت کریں گی اور ملک کو تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد کریں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات سے پہلے یہ بھی کہا کہ انتخابات، سیشنوں اور مباحثوں کو متاثر کرتے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ سے پورے سال کے لئے ایک ’بلیو پرنٹ‘ تیار کرنے کی تاکید کی۔ وزیر اعظم کاکہناتھاکہ سچ ہے کہ انتخابات سیشنز اور مباحثوں کو متاثر کرتے ہیں۔ لیکن میں تمام ممبران پارلیمنٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ انتخابات تو ہوں گے لیکن بجٹ سیشن پورے سال کا خاکہ تیار کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم اس سیشن کو جتنا زیادہ نتیجہ خیز بنائیں گے، سال کا باقی حصہ ملک کو اقتصادی بلندیوں تک لے جانے کا اتنا ہی بہتر موقع بن جائے گا۔گزشتہ سال سرمائی اور مانسون اجلاس میں اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کے دوران دونوں ایوانوں کے کئی اوقات کار ضائع ہو گئے تھے۔