سری نگر//وادی کشمیر میں جاری برف باری کے پیش نظر محکمہ صحت نے افسروں سے اپنے اپنے اسٹیشنوں پر تعینات رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ موجودہ موسمی صورتحال سے ممکنہ طور پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جائے۔۔ان افسروں سے کہا گیا کہ وہ اجازت طلب کئے بغیر اپنے اسٹیشنوں کو چھوڑ کر نہ جائیں۔ڈائکریٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کی طرف سے منگل کو جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا: ’موجودہ موسمی صورتحال سے ممکنہ طور پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام چیف میڈیکل افسروں، بلاک میڈیکل افسروں اور میڈیکل سپرانٹنڈنٹس کو ہدایات دی جارہی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اسٹیشنوں پر ہی تعینات رہیں‘۔حکمنامے میں ان افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اجازت طلب کئے بغیر اپنے اسٹیشنوں کو نہ چھوڑیں۔مذکورہ حکمنامے میں ہسپتال منتظمین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہسپتالوں میں گرمی کا موزوں انتطام رکھیں اور ہسپتالو ں کی طرف جانے والی سڑکوں سے برف ہٹائیں تاکہ ایمبولنسز کی نقل و حمل یقینی بن جائے۔