سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اتوار کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں کووِڈ ۔19 کی صورتحال، اومی کرون ، 15 سے18 برس تک کی عمر کے گروپوں کے لئے ٹیکہ کاری اور یوٹی میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کووِڈ ٹاسک فورس اور ضلع ترقیاتی کمشنران ، ایس پیز کے ساتھ میٹنگوں کی صدارت کرتے ہوئے کووڈ کی نئی شکل اور ملک بھر میں معاملات میں اَضافہ کے پیش نظر جموں وکشمیر یوٹی کے تمام ہسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس ، مطلوبہ اَدویات کی دستیابی ، آئی سی یو اور آکسیجن سپورٹیڈ بیڈس کے آڈِٹ کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور صحت حکام کو ہدایت دی کہ وہ پنچایتی سطح سے شروع ہونے والے صحت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور بہترین طریقے سے اِستعمال کرنے کو یقینی بنائیں۔ اَضلاع میں صحت ٹیموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر رابطے کا پتہ لگانے ، آکسیجن سلنڈروں اور کنسنٹریٹروں کے آڈِٹ کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹروں کی دستیابی اور کام کرنے پر توجہ دیں۔میٹنگ میں 3 جنوری 2022ء کو شروع کی جانے والی 15سے 18برس تک کی عمر کے گروپ کے لئے ٹیکہ کاری مہم کے ایکشن پلان پر وقتی عمل درآمد پر تبادلہ خیال ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر نے 15سے 18برس تک عمر کے گروپ کو کووِڈ ویکسین کے آسانی سے اِنتظام کرنے کے طریقہ کار اور تیاریوں کے بارے دریافت کرتے ہوئے ہر ٹیکے لگانے والے فرد کی 30منٹ کی لازمی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کووِڈ پر قابو پانے کے اقدامات کی ضلع وار صورتحال طلب کی گئی جہاں اُنہوں نے کووِڈ پروٹوکول کی عمل آوری اور کووِڈ کے اومی کرون قسم کے خطرے کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے چلائی جانے والی بیداری مہم کے بارے میٹنگ کو جانکاری دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ وویک بھارد واج نے کووِڈ۔19 کی صورتحال کے تجزیہ، ضلع وار خطرے کی سطح ، ٹیسٹنگ ، رابطے کا پتہ لگانے،15سے 18برس تک کی عمر کے گروپ کو ویکسین اور جموں وکشمیر یوٹی میں ٹیکہ کاری کے علاوہ ویکسین سٹاک اور اِنتظام کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔