جموں //سماگرا شکشا کے تحت جموں و کشمیر میں وزارت تعلیم اور ہنر مندی کی ترقی اور انٹر پرنیور شپ کی وزارت نے مشترکہ طور پر’ ہُنر ہب انیشیٹو ‘پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا تھا ۔ ایس کے آئی پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا ( پی ایم کے وی وائی ) 3.0 کا ایک حصہ ہے اور اسے ملک بھر میں یکم جنوری 2022 کو شروع کیا جا رہا ہے ۔ پروگرام کو نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن نئی دہلی کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا ۔ اس اسکیم کا مقصد اسکول سے باہر بچوں / نوجوانوں اور ڈراپ آؤٹس کیلئے این ایس ڈی سی کے سرٹیفائیڈ اسکل کورسز فراہم کرنا ہے اور انہیں تقرریوں کے ساتھ ساتھ خود کار کاروبار کیلئے تیار کرنا ہے ۔ اس اسکیم کو ریاستی ہنر مندی کے فروغ کے مشنوں سے بھی تعاون حاصل ہو گا ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر سماگرا شکشا دیپ راج کنیتھیا نے انکشاف کیا کہ جموں و کشمیر میں 40 اسکولوں کی شناخت وزارت تعلیم ، حکومت ہند نے ’ ہنر کے مرکز ‘ کے طور پر کی ہے ۔ تا ہم ابتدائی طور پر یہ پروگرام صرف 9 سرکاری اسکولوں میں پائیلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے ۔ یہ اسکول سے باہر /ڈراپ آؤٹ زمرے سے تعلق رکھنے والے اندراج شدہ امیدواروں کو این ایس ڈی سی کے تسلیم شدہ کورسز میں تربیت فراہم کریں گے ۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ آخر کار پروگرام کو بڑھایا جائے گا تا کہ مقررہ وقت میں زیادہ سے زیادہ اسکولوں کا احاطہ کیا جا سکے ۔ تربیت کا آغاز تمام اسکولوں میں بیک وقت نئے سال کے موقع پر شاندار طریقے سے کیا گیا ۔ SMDCs/SMCs کے اراکین ، مقامی لوگ ، پنچائتوں /میونسپل کمیٹیوں کے نمائندے اور اساتذہ ان تمام اسکولوں میں افتتاحی تقریب میں شامل ہوئے ۔ ذرایع کے مطابق ان سکولوں کے ذریعے مزید اندراج کی مہم چلائی جائے گی تا کہ پروگرام کی زیادہ سے زیادہ رسائی فراہم کی جا سکے ۔ پروگرام کو جموں و کشمیر میں جوگندر سمیال اور ڈاکٹر رویندر جنگرال ، کوارڈینیٹر ووکیشنل ایجوکیشن سماگرا شکشا نے ترتیب دیا تھا ۔