نئی دہلی//مرکزی وزیر پنشن ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ فوت ہوچکے سرکاری ملازم /پنشنر کا ذہنی طور پر معذور بچہ فیملی پنشن کا حقدار ہے اور اس پروویژن کے پس پشت کارفرما جذبے کو سمجھنے اور اس کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔تفصیلات فراہم کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ عوام میں اس بات کا اعادہ اس لیے ضروری تھا کہ پنشن اور پنشن یافتگان کی فلاح و بہبود کے محکمہ کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ بعض معاملات میں بینک ذہنی طور پر معذور بچے کے لیے پنشنر یا اس کے شریک حیات کے ذریعہ نامزد کیے گئے فرد کے توسط سے فیملی پنشن کی اجازت نہیں دے رہے ہیں اوروہ عدالت کی جانب سے جاری کردہ سرپرستی کے سرٹیفکیٹ کے لیے اصرار کرتے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کے تحت ، حکومت عام آدمی کے لیے ’’کاروبار کرنا آسان بنانے‘‘کے لیے اچھی حکمرانی کے اصول پر عمل کرتی ہے۔ اس جذبے کے تحت، فیملی پنشن کے لیے نامزدگی کی فراہمی کا مقصد ذہنی طور پر معذور بچے کو عدالت سے سرپرستی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے یا اپنے والدین کی موت کے بعد فیملی پنشن حاصل کرنے میں کسی بھی طرح کی پریشانی سے بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی لیے ، ایسے معاملات میں کسی بینک کی جانب سے سرپرستی کے سرٹیفکیٹ کے لیے اصرار کرنے سے اس طرح کی نامزدگی کا مقصد فوت ہو جاتا ہے اور یہ سینٹرل سول سروس (پنشن) قواعد، 2021کے قانونی ضابطے کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔اس لیے محکمہ نے مذکورہ بالا قواعد کی شرائط کا اعادہ کیا ہے۔ پنشن دینے والے تمام بینکوں کے سی ایم ڈی حضرات کو ،قواعد کے قانونی ضوابط کے مطابق ، سرکاری ملازم/پنشنر/ فیملی پنشنر کے ذریعہ نامزد کیے گئے فرد کے توسط سے ذہنی طور پر معذور بچے کے لیے فیملی پنشن کی ادائیگی کے لیے ، ان کے سی پی پی سی/ پنشن دینے والی برانچوں کے لیے مناسب ہدایات جاری کرنے اور اس طرح کے معاملات میں عدالت کے ذریعہ جاری کیے گئے سرپرستی کے سرٹیفکیٹ کے لیے اصرار نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران، پنشن کے محکمہ نے متعدد اختراعی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن میں طلاق شدہ بیٹیوں کے لیے فیملی پنشن کے ضابطے میں راحت، ضعیف پنشن یافتگان کے ذریعہ لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے میں سہولت پیدا کرنے کے لیے موبائل ایپ کے توسط سے چہرہ شناخت کرنے والی تکنالوجی متعارف کرانا، الیکٹرانک پنشن پے آرڈر، پنشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے محکمہ ڈاک کی جانب سے تعاون، وغیرہ شامل ہیں۔