پنجی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گزشتہ 10 سالوں کے دوران گوا میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے جنوبی گوا کے پونڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر امت شاہ نے کہا کہ ’’ترقی صرف استحکام میں ہی ممکن ہے، بی جے پی نے گوا میں استحکام لایاہے۔ ہم نے ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے ہمارے لیے گوا گولڈن گوا ہے جبکہ کانگریس کے لیے گاندھی خاندان کا گوا ہے۔ یہاں صرف بی جے پی ہی حکومت بنا سکتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گوا کو بہت کچھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت میں چھوٹی ریاستوں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور ایسے کئی کام ہوئے ہیں، جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ گوا میں پروجیکٹ صرف مرکزی حکومت کے تعاون کی وجہ سے نافذ کیے گئے ہیں۔کانگریس پر طنز کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے 2013-14 میں گوا کو 432 کروڑ روپے دیے تھے، مودی حکومت نے گزشتہ بجٹ میں اسے بڑھا کر 2567 کروڑ روپے کر دیا تھا۔ کانگریس کو چاہئے کہ وہ ریاست میں اپنے دور اقتدار میں کئے گئے کاموں کی تفصیلات پیش کرے۔ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کا نام لئے بغیر مسٹر شاہ نے کہا کہ جو پارٹیاں باہر سے گوا میں الیکشن لڑنے آئی ہیں ان سے پوچھا جانا چاہئے کہ اگر وہ اقتدار میں آئیں تو وہ ریاست کو کیا پیشکش کریں گی۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی گوا کے مفادات کا تحفظ کر سکتی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی 22 سے زیادہ سیٹوں پر جیت حاصل کرے۔