سری نگر//کورونا کی تیسری لہر کے پھیلاو کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ضلع سری نگر میں مزید 23 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد جو ضلع ڈزاسٹر منیجمٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں ، کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع سری نگر کے کئی علاقوں میں کورونا کیسز درج ہونے کے پیش نظر مروجہ گائیڈ لائنز کے مطابق مزید 23 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے۔حکمنامے میں کہا گیا کہ ضلع کنٹرول روم روزانہ بنیادوں پر بندش والے علاقوں کی موجود صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور یہ فیصلہ لیا جاتا ہے کہ کس علاقے کو کنٹونمنٹ زون قرار دینا ہے اور کس کو ڈی نوٹیفائی کرنا ہے۔حکمنامے کے مطابق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحت قانون کارروائی کی جائے گی۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے حکمنامے میں کہا ہے کہ ضلع سری نگر میں اب تک 685 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے جن میں سے بعد میں401 علاقوں کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں 283 علاقے ابھی بھی بندش والے علاقے ہیں جبکہ ایک علاقے کو جزوی طور پر ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کئے گئے حکمنامے کے مطابق جن علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے اُن میں کھیر محلہ ہمہامہ ، رام باغ نزدیک زم زم ہوٹل ، وزیر باغ نزدیک پائن ہوٹل ، ارم لین نٹی پورہ ، فردوس انکلیو لین نمبر ایک ، بنک کالونی راولپورہ ، فردوس آباد لین دس بٹہ مالو ، عمر آباد نزدیک نورا ہسپتال ، مدینہ چوک نزدیک وٹنری ہسپتال ، بازار محلہ لاوے پورہ ، پیر باغ راولپورہ ، پرزنٹیشن کانونٹ اسکول راجباغ ، نیو تھید ہارون، دنہامہ ہارون ، مفتی باغ ہارون ، صدر بل نزدیک سروس سٹیشن، بلال کالونی نزدیک جے کے بینک، شاہ ہمدان کالونی لین نمبر ایک ، ڈار محلہ نزدیک جامع مسجد بژھ پورہ ، شالہ باغ نزدیک بابا مزار زڈی بل ، وژار ناگ نزدیک مندر، نیو کالونی لالبازار نزدیک پولیس اسٹیشن، منشی محلہ کاوڈارہ شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کے کیسز میں روز افزوں بے تحاشا اضافہ درج ہو رہا ہے۔یونین ٹریٹری انتظامیہ نے اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے دیگر اقدام کے علاوہ ویک اینڈ لاک ڈاون کا نفاذ بھی عمل میں لایا ہے جو ہر جمعے کو 2 بجے سے شروع ہو کر پیر کی صبح 6 بجے اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔