جموں//سابق وزیر سمیت کئی وفود ، پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کے ارکان اور بھدرواہ کے نوجوان لیڈر نے آج راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ سابق وزیر عبدالغنی کوہلی نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور سردیوں کے موسم کے پیش نظر گُجر اور بکروال آبادی کیلئے مناسب انتظامات سے متعلق گُجر اور بکروال برادریوں کے مختلف فلاحی مسائل قبائلی فنڈز ، بھیڑوں کیلئے انشورنس ، گُجر اور بکروال برادریوں میں فلاحی پالیسیوں اور سکیموں کے بارے میں بیداری پھیلانا اس کے علاوہ عام لوگوں کے دیگر خدشات بھی شامل ہیں ، کو پیش کیا ۔ دریں اثنا پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم نے ایڈووکیٹ احسن مرزا کی قیادت میں ایڈووکیٹ گردیو سنگھ ٹھاکر اور سجاد مرزا نے پہاڑی لوگوں کیلئے ایس ٹی کا درجہ ، پہاڑی ایڈوائیزری بورڈ کے کام کاج اور پہاڑی نوجوانوں کے دیگر مسائل سے متعلق مطالبات کا ایک میمورنڈم لفٹینٹ گورنر کو پیش کیا ۔ بعد ازاں بھدرواہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان لیڈر ایڈووکیٹ محمد ماجد ملک نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں بھدرواہ کے مختلف مسائل بشمول جموں یونیورسٹی کیمپس کو مکمل یونیورسٹی میں تبدیل کرنے ، چتر گلہ ٹنل کی تعمیر ، بھدرواہ ۔ چمبا اور بھدرواہ ۔ بنی سڑک کا افتتاح ، منی سیکرٹریٹ اور نوجوانوں سے متعلق کئی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفود کے ارکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے شہریوں پر مبنی پالیسیاں اپنائی ہیں اور ہر کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ترقی اور بہبود کیلئے تمام محاذوں پر ثابت قدمی سے کام کر رہی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم یو ٹی کے ترقیاتی عمل میں معاشرے کے ہر طبقے کو برابر کا حصہ دار بنانے کیلئے پُر عزم ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفود کے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ حقیقی مسائل پر مناسب غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کے مسائل کو پیش کرتے رہیں ۔