جموں//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج کووڈ ٹاسک فورس ، ڈی سیز اور ایس پیز کے ممبران کے ساتھ میٹنگوں کی ایک سیریز میں پورے یو ٹی میں کووڈ 19 کی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ ملاقاتوں کے دوران لفٹینٹ گورنر نے ٹیلی کنسلٹیشن کی اہمیت کا اعادہ کیا ، خدمات کو دور دراز علاقوں تک پھیلانا اور گھروں میں آئسو لیشن میں رہنے والوں کی موثر نگرانی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے لوگوں کو ماسک کے استعمال اور کووڈ پروٹوکول کے بارے میں حساس بنانے کیلئے آگاہی مہموں میں کمیونٹی کو شامل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ’’ ہمیں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اہلکاروں ، مریضوں اور کمیونٹیز کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے مطابق ہماری توجہ صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے ، آکسیجن ، وینٹی لیٹرز ، ضروری ادویات وغیرہ کی دستیابی پر مرکوز رہنا چاہئیے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیسٹنگ ، ٹریسنگ ، علاج ، کووڈ مناسب رویہ اور ویکسی نیشن کووڈ 19 سے موثر طریقے سے لڑنے کیلئے ہماری حکمت عملی جاری رہے گی ۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے درمیان کووڈ پروٹوکول اور سی اے بی کے مناسب نفاذ کو یقینی بنائیں تا کہ ٹرانسمیشن کے سلسلہ کو موثر طریقے سے توڑا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر کو ضلعی سطح پر کووڈ سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا ۔ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ کووڈ ہیلپ لائین نمبرز اور دیگر ہنگامی رابطہ نمبرز کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ وویک بھردواج نے کووڈ 19 کی صورتحال کے ضلع وار تجزیہ ، پوری یو ٹی میں ٹیسٹنگ ، ٹریسنگ اور ویکسی نیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ اٹل ڈولو ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ ( آر اینڈ بی ) شلیندر کمار ، ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار کے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران نے ذاتی طور پر اور ورچول موڈ کے ذریعے شرکت کی ۔