سری نگر// جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے سنگرامہ علاقے میں جمعے کی صبح ایک جنگلی ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا ۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک اہلکار مظفراحمد نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سنگرامہ ترال میں بھاری برکم ریچھ نے ایک کھوکھلے چنار کے تنے میں پناہ لی تھی جس کو بے ہوش کرنے کے بعد محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ۔دھر مقامی لوگوں نے بتایا کہ کھوکھلے چنار کے تنے میں جنگلی جانوروں کی جانب سے پناہ لینا اب معمول بن گیا ہے جس وجہ سے وہ ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے چنار کے اس درخت کو کاٹنے کا مطالبہ کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کا آبادی والے علاقوں میں گھومنا پھرنا ایک معمول سا بن گیا ہے۔وادی کے کئی علاقوں میں جنگلی جانوروں خاص کر آدم خور تیندوں نے لوگوں کو جانی ومالی نقصان سے دو چار بھی کر دیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلی جانور اب بالائی علاقوں تک ہی محدود نہیں رہ گئے ہیں بلکہ میدانی علاقوں میں بھی نمودار ہونے لگے ہیں جس سے وادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ’جنگلوں کی کٹائی اور وہاں مناسب خوراک اور پناہ کی عدم دستیابی جنگلی جانوروں کے بستیوں کی طرف رخ کرنے کی بنیادی وجہ ہے‘۔