سری نگر//سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) نے ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے جمعے کے روز سری نگر کے کئی علاقوں میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ہونے والے ناجائز تجاوزات کو ہٹا دیا۔اسی ایم سی کی ٹیم نے لالچوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، مہاراجہ بازار اور جہانگیر چوک میں کارروائیاں انجام دے کر کئی دکان تھڑوں جنہوں نے فٹ پاتھ بند کر دئے تھے کو ہٹایا اور جن ریڑھی بانوں نے سڑکوں پر ریڑے لگا دئے تھے ان کو بھی ہٹایا گیا۔اس موقع پر ایس ایم سی کمشنر اطہر عامر خان جو خود اس کارروائی کی نگرانی کر رہے تھے، نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر جو ناجائز تجاوزات کئے گئے ہیں ان کے خلاف ہماری مہم مسلسل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم روزانہ بنیادوں پر یہ مہم چلاتی ہے تاکہ لوگوں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بار بار دکانداروں اور ریڑھی بانوں سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو بند نہ کریں۔موصوف کمشنر نے کہا کہ سڑک یا فٹ پاتھ کو بند کرنے کا کسی کو کوئی اخلاقی یا دینی جواز ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں ریڑھی بانوں نے سڑک یا فٹ پاتھ کو بند نہیں کیا ہے وہاں سے ان کو نہیں ہٹایا جا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ریڑھی والوں کے لئے مزید ’وینڈر زونز‘ کو تلاش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک یا فٹ پاتھ بند کرنے کا کسی بھی صورت میں جائز ہے اور نہ ہی ہم اس کو برداشت کریں گے۔