سرینگر//کووڈ 19 وبا کے دوران سرینگر شہر میں گاڑیوں کی آسانی سے گذرنے اور لوگوں کی پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ پبلک رلیشنز کے آڈیٹوریم میں وادی کشمیر کی مختلف ٹرانسپورٹ یونینوں کے ساتھ ایک بات چیت کا پروگرام منعقد کیا گیا ۔ اس بات چیت کا اہتمام ایس ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر اور آر ٹی او کشمیر کے اشتراک سے کیا تھا ۔ بات چیت کے پروگرام میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر ، آر ٹی او کشمیر ساجد یحییٰ نقاش ، ایس ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر مظفر احمد شاہ ، جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر انعام الحق صدیقی ، ٹرانسپورٹ کے نمائندوں ، ڈرائیوروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ یونینوں کے نمائندوں ، ڈرائیوروں اور منتظمین کے ساتھ دیگر متعلقہ افراد کے درمیان کووڈ 19 کے پیش نظر مسافروں کے ہموار اور محفوظ سفر کیلئے تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم کووڈ ایس او پیز پر عمل کریں کیونکہ ہم ایک طویل عرصے سے اس مہلک وائرس سے لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے ٹرانسپورٹروں سے کہا کہ گاڑیوں میں مسافروں کی حفاظت کا خیال رکھا جائے اور بغیر ماسک کے کسی کو بھی بس یا کیب میں سوار ہونے کی اجازت نہ دی جائے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر ٹی او کشمیر نے کووڈ 19 کی وباء کے دوران مسلسل تعاون کرنے پر ٹرانسپورٹروں کی تعریف کی ۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے مطالبہ کیا کہ وہ مسافروں کو لے جانے کے دوران گارڈ کو نیچے نہ آنے دیں اور سی اے بی کی پیروی کریں ۔ ایس ایس پی ٹریفک سٹی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز عوام کی آمدورفت کے اہم اسٹیک ہولڈرز ہیں ۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے درخواست کی کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی قیمت پر گاڑیوں کی اوور لوڈنگ سے گریز کریں تا کہ عوام کو خطرہ لاحق نہ ہو ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ریگو لیشن ٹرانسپورٹرز کے بھر پور تعاون سے ہی ممکن ہے ۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ یونینوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور منتظمین کے سامنے اس شعبے کو درپیش مختلف مسائل کو اٹھایا ۔