سری نگر// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلومیٹر طویل سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کے روز پنتھال کے مقام پر چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل معطل رہی۔ٹریفک پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح کو پنتھال کے مقام پر بھاری برکم پتھر نیچے گر آئے جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیوں نے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کے لئے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا ہے ۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیوں کی طرف سے گرین سگنل موصول ہونے کے بعد ہی شاہراہ کو کھول دیا جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ ٹریفک حکام نے بانہال، سیری ، رام بن اور ناشری میں ٹریفک کو روک دیا ہے۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ کام شدو مد سے جاری ہے اور شام تک شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کے بعد ٹریفک کو آگے جانے کی اجازت دی جائے گی۔