سری نگر//جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چک نو گام نامی گاؤں میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد جنگجو تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد گاؤں کا آپریشن بھی ختم کر دیا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چپھنے کی اطلاع موصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے بدھ کی شام شوپیاں کے چک نوگام گاؤں کو محاصرے میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم جوں ہی ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ان کا کہنا تھا کہ تصادم آرائی میں تین فوجی اہلکا زخمی بھی ہوگئے۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ رات گذرنے کے ساتھ تاریکی ہونے کے پیش نظر گاؤں کا محاصرہ مزید سخت کیا گیا اور آپریشن کو صبح تک ملتوی کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح کی پو پوٹھتے ہی آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا لیکن جنگجو تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے تھے جس کے بعد آپریشن کو ختم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ محاصرے میں کم سے کم دو جنگجو پھنس گئے تھے۔