سری نگر// گرمائی دارلحکومت سری نگر کے تجارتی مرکز لالچوک میں واقع تاریخی گھنٹہ پر بدھ کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ترنگا لہرایا گیا۔یہ ترنگا ایک غیر سرکاری تنظیم کے کارکنوں ساحل بشیر اور سجاد یوسف نے گھنٹہ گھر پر چڑھ کر چند مقامی لوگوں کی موجودگی میں لہرایا۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد پہلی بار گھنٹہ گھر پر آج قومی پرچم لہرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہاں کچھ پاکستان نواز عناصر پاکستانی جھنڈ لہراتے تھے اور یہ لوگ یہاں کے امن میں رخنہ ڈالنا چاہتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ دفعہ370 کی تنسیخ کے بعد یہاں تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں۔موصوف کارکنوں نے کہا: ’یہاں کے لوگ جو کہتے تھے کہ نیا کشمیر کیا ہے وہ یہی ہے کہ گذشتہ 74 برسوں میں یہاں گھنٹہ گھر پر پہلی بار ترنگا لہرایا گیا‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لوگ امن اورترقی چاہتے ہیں۔