سری نگر//سیاحتی قومی دِن کے موقعہ محکمہ سیاحت کشمیر نے آج سیاحوں کے لئے سری نگر سٹی ہیرٹیج ٹور کا آغاز کیا تاکہ سیاحوں کے تجربے کو بڑھانے کے لئے شہر کے ثقافتی مقامات ، ضیافتیں اور دست کاریوں کی نمائش کی جاسکے۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے آج ناظم سیاحت کشمیر جی این اِیتو کی موجودگی میں ہیر ٹیج ٹور بس سروس کو جھنڈی دِکھائی جو سیاحوں کو سری نگر شہر کے نمایاں مقامات بشمول برزہ ہامہ ،ہاری پربت ، چھٹی پادشاہی ، جامع مسجد ، حضرت بل، بدھسٹ سائٹ ہارون ، پری محل او ردیگر مقامات پر سیاحوں کو لے جائے گی۔ہیرٹیج ٹور کا مقصد قدرتی سیاحت اور شہرکی تاریخی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔اِس کے علاوہ محکمہ سیاحت نے گلمرگ ، سونہ مرگ ، پہلگام ، ارو ویلی ، دودھ پتھری ، بھدرواہ اور دیگر مشہور سیاحتی مقامات پر بیک وقت کراس کنٹری ٹور شروع کئے۔اِس موقعہ پر بات کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ ہیر ٹیج ٹور بس سروس شروع کرنے کا مقصد سیاحوں کے شہری ورثے کی صلاحیت کے بایر میں تجربے کو بڑھانا اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔اُنہوں نے قومی یوم سیاحت کی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی مقامات کے لئے بس سروس شروع کرنے کا یہ مناسب دِن ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت موسم سرما کے دوران تمام سیاحتی مقامات اور ریزورٹس کو کھلا رکھنے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سیاحت کو وِڈ پروٹوکول کے درمیان نائٹ سکیئنگ اور نائٹ شکارا ایونٹس شروع کرنے پر غور کر رہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ٹریول اور ٹور سے وابستہ تمام شراکت داروں کو سیاحتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے حفاظتی کووِڈٹیکے لگائے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر جی این ایتو نے کہا کہ قومی یوم سیاحت کے پیش نظر محکمہ سری نگر میں ہیر ٹیج فیم ٹور کے علاوہ گلمرگ ، سونہ مرگ ، دودھ پتھری اور دیگر مقامات پر برف باری کے کئی پروگرام منعقد کر رہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ پہلے دِن مہاراشٹر کی ایک ٹیم تاریخی مقامات کا دورہ کرے گی جو اَپنی ریاست میں ہمارے سیاحتی اِمکانات کی شہرت کو مزید پھیلائے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ انہیں آثارِ قدیمہ کے مقامات ، زیارت گاہ ، مساجد ، منادر ،ضیافتیں اور دستکاری دکھا ئی جائے گی۔