سری نگر// گرمائی دارلحکومت سری نگر کے ہری سنگھ ہائی سٹریٹ علاقے میں منگل کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں تین عام شہری زخمی ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے ہری سنگھ ہائی سٹریٹ علاقے میں منگل کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر ایک گرینیڈ داغا۔انہوں نے بتایا کہ اس گرینیڈ حملے میں تین عام شہری زخمی ہوگئے جبکہ متصل دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دریں اثنا حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص سری نگر میں سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔