پاکستان کے باؤلنگ اسٹار شاہین شاہ آفریدی کو سال 2021 میں ان کی شاندار کارکردگی کے باعث ’کرکٹر آف دی ایئر‘ کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔تباہ کن باؤلنگ، رفتار اور سوئنگ کے شاندار مظاہرے کے ساتھ 2021 میں پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی یادگار رہی۔اسپیڈ اسٹار نے گزشتہ سال 36 عالمی میچز میں 22.20 کی اوسط کے ساتھ 78 بلے بازوں کو اپنی خطرناک گیند بازی کا نشانہ بنایا، اس دوران انہوں نے ایک میچ میں بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 51 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھائی۔آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کے طور پر ’سر گارفلیڈ سوبرز ٹرافی‘ جیتنے والے شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال تینوں طرز کی کرکٹ میں دنیا کے بہترین بلے بازوں کو اپنی باؤلنگ سے پریشان کیے رکھا، خاص طور پر گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انہوں نے باؤلنگ میں اپنی مہارت سے پوری دنیا کو متاثر کیا۔پاکستانی فاسٹ باؤلر پورے سال مختصر ترین دورانیے کی طرز کی کرکٹ میں چھائے رہے، انہوں نے آئی سی سی کے میگا ایونٹ میں پاکستان کے سیمی فائنل تک کے سفر میں 6 میچوں کے دوران 7 وکٹیں حاصل کیں، میچ کے آخری اوورز میں اپنی زبردست باؤلنگ کے ساتھ 21 میچوں میں 23 وکٹیں اپنے نام کیں۔انہوں نے 2021 میں طویل دورانیے کی کرکٹ کے میدان میں بھی اپنی دھاک بٹھائے رکھی، گزشتہ 9 میچوں میں انہوں نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 17.06 کی بالنگ اوسط کے ساتھ 47 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں شاہین شاہ آفریدی نے گیند بازی میں اپنی مہارت کا خوبصورتی سے مظاہرہ کیا اور بھارتی بلے بازوں کو بے بس کیے رکھا۔انہوں نے پہلے تجربہ کار بھارتی اوپنر روہت شرما کو آؤٹ کیا، پھر کے ایل راہول کو اپنی خطرناک باؤلنگ کا نشانہ بنایا جس کے بعد پورے میچ میں بھارت سنبھل نہیں پایا اور کسی بھی عالمی کپ میں پاکستان کے ہاتھوں اپنی پہلی شکست کا شکار ہوا، اس کے بعد آخری اوورز کے دوران انہوں نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی آؤٹ کیا تھا۔میگا ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔بھارتی کپتان نے فاسٹ باؤلر کی گیند بازی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی باؤلنگ میچ شروع ہوتے ہی ہمیں دباؤ میں لے آئی، انہوں نے میچ کے دوران جس طرح کی لائن و لینتھ، رفتار کے ساتھ باؤلنگ کی اس کا سامنا کرنا آسان نہیں تھا۔’سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی فار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز کرکٹر آف دی ایئر‘ کے لیے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے علاوہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بھی شامل تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال متعدد اعزازات اپنے نام کرنے والےپاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو سال کا بہترین ٹی 20 کرکٹر قرار دیا تھا۔