جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جموں اور سرینگر کو جوڑنے والی قومی شاہراہ 44 کی حالت کا جائیزہ لینے اور اس پر ٹریفک کی نقل و حرکت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) ڈیپارٹمنٹ ، این ایچ اے آئی کے نمائندے ، ڈپٹی کمشنر رام بن اور ضلع ایس پی رام بن نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ نے قومی شاہراہ 44 کی تعمیر اور دیکھ بھال کو ترجیح دی ہے جس نے انتہائی موسم کی خرابی کے دوران بھی ہائی وے کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھلا رکھا ہے ۔ چیف سیکرٹری کو طے شدہ اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 36 ٹن خشک راشن لے جانے والی اوور لوڈ گاڑی کے ٹوٹنے کی وجہ سے ہائی وے پر ٹریفک میں حالیہ خلل سے آگاہ کیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے واقعہ کی وجوہات جاننے کی ہدایت دی تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں ۔ انہوں نے این ایچ اے آئی اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ وہ تمام لوڈ کیرئیرز کی جانچ پڑتال کیلئے فوری طور پر ایک طریقہ کار وضع کریں تا کہ اوور لوڈ گاڑیوں کو چلانے سے روکا جا سکے ، جس سے نہ صرف معمول کی ٹریفک کی روانی بلکہ سڑک کے معیار میں بھی میں خلل پڑتا ہے۔ ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ تمام لوڈ لے جانے والی گاڑیوں کو ٹول پلازوں کے وزنی پلوں سے کسی بھی قسم کے جام سے بچنے کیلئے ایک ٹھوس انداز میں گزرنا ہے اور ٹریفک کی ہموار روانی کو یقینی بنانے کیلئے اووڑ لوڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جانی چاہئیے ۔ مزید براں متعلقہ اداروں سے کہا گیا کہ وہ روزانہ کی خلاف ورزی کی رپورٹ اور ہفتہ وار کارروائی کی رپورٹس اعلیٰ دفاتر میں جمع کرائیں اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں اور اوور لوڈڈ گاڑیوں کو چلانے میں زیرو ٹالرنس قائم کریں ۔ ان سے کہا گیا کہ وہ ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے باقاعدہ مہم چلائیں ۔ پنتھال ٹنل پر کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے این ایچ اے آئی کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کوششوں کو دوگنا کرے اور زیر التوا کاموں کو 15 اپریل 2022 تک مکمل کریں ۔ چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ ٹنل مکمل ہونے پر این ایچ 44 کے موجودہ لینڈ سلائیڈنگ کے شکار حصے سے گذرتے ہوئے قابلِ اعتماد رابطہ فراہم کرے گی اور اس طرح گاڑیوں کو محفوظ ٹرانزٹ فراہم کرے گی ۔ قومی شاہراہ کے رام بن ۔ بانہال حصے پر ٹریفک کے بہاؤ کو مزید آسان بنانے کیلئے ٹریفک پولیس اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ سنگل لین ڈرائیونگ زون کی صحیح حد بندی کریں اور مسافروں میں لین ڈرائیونگ اور ٹریفک نظم و ضبط کو یقینی بنائیں ۔ ڈاکٹر مہتا نے ٹریفک پولیس کو باڈی کیمرے پہننے پر بھی زور دیا ۔