سری نگر// وادی کشمیر کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ اتوار کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رہی۔ ٹریفک حکام کی وساطت سے یو این آئی کومعلوم ہوا ہے کہ قومی شاہراہ پرپنتھال اور دوسرے کئی مقامات پر پسیاں گر آنے اور دیگر کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کے باعث شاہراہ کو اتوار کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر اتوار کو شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔اُن کے مطابق رام بن اور رامسو کے درمیان کئی مقامات پر بھی مٹی کے تودے گر آئے ہیں جن کو ہٹانے کی خاطر کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پنتھال کے نزدیک پسیاں گر آنے کے سبب ایک مال بردار ٹرک پھنس کر رہ گئی ہے جس کو وہاں سے نکالنے کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ رام بن ناشری سیکٹر میں ایک سو کے قریب ٹرکیں درماندہ ہے ۔ حکام کے مطابق اتوار کے روز کسی بھی گاڑی کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔