سری نگر//کورونا کیسز میں درج ہو رہے بے تحاشا اضافے کے پیش نظر حکومت نے جموں وکشمیر میں 64 گھنٹوں پر محیط ویک اینڈ لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے اتوار کی شام کو جاری کئے گئے ایک تازہ حکمنامے کے مطابق یونین ٹریٹری میں جمعے کے روز دو بجے سے پیر کی صبح چھ بجے تک لاک ڈاون کا نفاذ فی الحال جاری رہے گا۔چیف سیکریٹری، جو محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف، بحالی و تعمیر نو جموں وکشمیر کی سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے اتوار کے روز کورونا کی موجودہ صورتحال کی تفصیلی جائزہ میٹنگ کے بعد فیصلہ لیا۔سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں ویک اینڈس پر تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔حکمنامے میں کہا گیا کہ علاوہ ازیں یونین ٹریٹری کے تمام اضلاع میں شبانہ کرفیو رات کے نو بجے سے صبح کے چھ بجے تک مسلسل جاری رہے گا۔ایس ای سی نے حکم نامے میں کہا ہے کہ کیمونٹی لیڈروں، مارکیٹ انجمنوں و دیگر متعلقین کو ساتھ لے کر اس وبا کی لہر کو کم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔یونین ٹریٹری کے ضلع مجسٹریٹوں کو ٹیسٹنگ کو تیز تر کرنے اور دستیاب وسائل کو بھر پور طریقے سے استعمال کرنے کی کی تاکید کی گئی ہے۔چیف میڈیکل آفیسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ روزانہ بنیادوں پر دستیاب آر ٹی ، پی سی آر سہولیات کے استعمال کی رپورٹ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کے دفاتر میں پیش کریں۔حکم نامے کے مطابق ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے سبھی سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کو اس طرح یقینی بنایا جائے کہ مناسب سماجی دوری کے اصولوں کو برقرار رکھا جاسکے جبکہ خاتون حاملہ ملازمین کو اس حوالے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے او راُنہیں گھر سے ہی کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔جسمانی طور ناخیز ملازمین کو بھی گھر پر ہی کام کرنے کی اجازت ہے ۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سبھی تعلیمی مراکز جن میں کالجز ، اسکول ، پال ٹیکنیک ، آئی ٹی آئی اور کوچنگ سینٹر شامل ہیں کو آن لائن موڑ کے ذریعے درس و تدریس کا کام کاج جاری رکھنا چاہئے۔کسی بھی تعلیمی ادارے میں آف لائن درس و تدریس کی اجازت نہیں ہے اور اس حوالے سے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف ڈزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اپنے اپنے اضلاع میں کورونا رہنما اصولوں پر عملدآمد کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے اور جوکوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب قرار پائے اُس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کے یومیہ کیسز میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔یونین ٹریٹری انتظامیہ اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدام کر رہی ہے۔